اسلام آباد میں واقع سعودی عرب کے سفارت خانے نے انسانیت، ہمدردی اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے خون عطیہ کرنے کے لیے خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس مہم کا مقصد پاکستان کے مختلف اسپتالوں اور مریضوں کو درکار خون کی فوری فراہمی میں معاونت فراہم کرنا تھا، خصوصاً ان مریضوں کے لیے جو تھیلیسیمیا، کینسر اور دیگر جان لیوا بیماریوں سے نبرد آزما ہیں۔
کیمپ میں سعودی سفارت خانے کے عملے، پاکستانی شہریوں اور دیگر بین الاقوامی نمائندوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور انسانیت کے جذبے کو مزید تقویت ملی۔
اس موقع پر سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے،اورہم ہر اس موقع پر پاکستانی بھائیوں کےساتھ کھڑے ہیں جب انہیں ہماری ضرورت ہو۔خون کا عطیہ دینا ایک مقدس فریضہ ہے،اور ہم اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔انہوں نے اس نیک عمل میں حصہ لینےوالے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اورمقامی طبی اداروں کےساتھ تعاون بڑھانے کےعزم کا اعادہ کیا۔
خون عطیہ کرنے کے اس کیمپ کو مقامی و بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان میں موجود مختلف انسانی حقوق اور فلاحی تنظیموں نے بھی سعودی سفارت خانے کی اس کاوش کو قابلِ تقلید قرار دیا ہے۔ کیمپ کے دوران عطیہ کیے گئے خون کو اسلام آباد کے بڑے ہسپتالوں کو منتقل کیا گیا، جہاں اسے فوری طور پر ضرورت مند مریضوں کے علاج کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔
یہ سرگرمی نہ صرف سعودی عرب کی پاکستان سے دیرینہ دوستی کا ثبوت ہے، بلکہ انسانی ہمدردی کے عالمی پیغام کو بھی تقویت دیتی ہے۔ ایسے اقدامات اس بات کی علامت ہیں کہ سفارتی تعلقات صرف پالیسیوں تک محدود نہیں ہوتے بلکہ وہ دلوں کو جوڑنے اور انسانیت کی خدمت کے جذبے سے بھی عبارت ہوتے ہیں۔
