ریاض :وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی عرب کے دورے کے دوران شاندار اور تاریخی استقبال پر سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی فضائیہ کے جنگی طیاروں کی اسکواڈ اور شاہی افواج کی جانب سے دیا گیا اعزاز اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات محض رسمی نہیں، بلکہ باہمی محبت، اعتماد اور برادرانہ رشتہ ان کی بنیاد ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ان کا طیارہ جب سعودی عرب کی فضاؤں میں داخل ہوا تو سعودی فضائیہ کے ایف-15 جنگی طیاروں نے غیر معمولی انداز میں اسکواٹ کرتے ہوئے پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں، ایئرپورٹ پر سعودی فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی، جو ایک اعلیٰ سطحی عزت افزائی کا مظہر ہے۔
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات نہایت خوشگوار اور نتیجہ خیز رہی۔ اس ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتِ حال، پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات، دفاعی و اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے ولی عہد کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان مسلم اُمّہ کے لیے امید کی کرن اور وژنری رہنما ہیں، جو نہ صرف اپنے ملک بلکہ پورے عالمِ اسلام کے لیے ترقی، استحکام اور اتحاد کا خواب رکھتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی قیادت ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے، چاہے وہ مشکل گھڑیاں ہوں یا ترقی کی راہ۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، تجارتی، دفاعی اور کاروباری تعلقات کو مزید وسعت دی جائے تاکہ یہ تعلقات آئندہ نسلوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کریں۔
وزیرِ اعظم نے اپنے بیان کا اختتام ایک دعائیہ کلمات سے کیا میری دعا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی یہ برادرانہ دوستی مزید مضبوط ہو، نئی بلندیوں کو چھوئے، اور خطے میں امن و استحکام کا ذریعہ بنے، اِن شاء اللّٰہ۔
