ریاض میں منعقدہ مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ سے متعلق اعلیٰ سطحی عالمی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ اجلاس کے بعد سعودی عرب اور فرانس نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے دنیا کے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ "اعلان نیویارک” کو عملی اور ناقابلِ واپسی اقدامات کے ذریعے نافذ کریں۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 142 ووٹوں سے منظور ہونے والے اس اعلان کو خطے کے مستقبل کے لیے تاریخی اور فیصلہ کن قرار دیا گیا۔
اعلامیے میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں دونوں کے لیے "محفوظ اگلا دن” یقینی بنانے پر زور دیا گیا اور ایک عارضی بین الاقوامی مشن کی تعیناتی کی حمایت کی گئی، جو فلسطینی اتھارٹی کی درخواست اور سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے تحت ممکن ہوگی۔ دونوں ممالک نے واضح کیا کہ دو ریاستی حل ہی تشدد، قبضے اور جنگوں کے تسلسل کا حقیقی متبادل ہے۔
اعلامیے میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کانفرنس کے دوران ہی غزہ میں اسرائیلی حملے اور انسانی المیہ بدستور جاری رہا، اور عام شہریوں کو ناقابلِ جواز قیمت چکانا پڑی۔ سعودی عرب اور فرانس نے زور دیا کہ غزہ اور مغربی کنارے کو فلسطینی اتھارٹی کے تحت متحد کیا جائے، "ایک ریاست، ایک حکومت، ایک قانون اور ایک ہتھیار” کی پالیسی اپنائی جائے اور حماس کے ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے سپرد کیے جائیں تاکہ ایک خودمختار ریاست قائم ہو سکے۔
مشترکہ اعلامیے میں فلسطینی سکیورٹی فورسز کی تربیت کے لیے امریکی، یورپی اور اقوام متحدہ کے جاری پروگراموں سے بھرپور استفادے پر زور دیا گیا۔ اس کے ساتھ فلسطینی اتھارٹی کے حالیہ فیصلوں، جن میں قیدیوں کے لیے مالی مراعات ختم کرنا، نصاب میں اصلاحات اور ایک سال کے اندر شفاف انتخابات کرانے کا اعلان شامل ہے، کو مثبت قدم قرار دیا گیا۔
اعلامیے میں غزہ میں فوری جنگ بندی، قیدیوں کے تبادلے، یرغمالیوں کی رہائی، انسانی امداد کی بلاروک رسائی اور اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔ ساتھ ہی اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دو ریاستی حل پر واضح عزم کرے، آبادکاری ترک کرے، الحاق سے باز رہے اور آبادکاروں کے تشدد کو روکے۔
سعودی عرب اور فرانس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آزاد، خودمختار اور جمہوری فلسطینی ریاست کا قیام ہی اسرائیل کے ساتھ پائیدار امن اور خطے میں استحکام کا ضامن ہوگا۔ اعلامیے میں صدر محمود عباس کی پرامن حل کی وابستگی، تشدد اور دہشت گردی سے انکار اور اصلاحات کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔
آخر میں دونوں ممالک نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ زبانی وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کرے اور اس تاریخی موقع کو ضائع نہ ہونے دے تاکہ مشرقِ وسطیٰ کے عوام کے لیے امن، سلامتی اور خوشحالی کا نیا باب رقم ہو سکے۔
