اسلام آباد:پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد نے سعودی عرب کے قومی دن پر رنگا رنگ اور دلکش منظر پیش کیا۔ شاہراہوں، عمارتوں اور اہم مقامات کو پاکستان اور سعودی عرب کے پرچموں سے سجایا گیا، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تعلقات اور لازوال دوستی کی جھلک پیش کر رہا تھا۔
سعودی عرب کا قومی دن ہر سال 23 ستمبر کو شایانِ شان طریقے سے منایا جاتا ہے۔ یہ دن تیسری سعودی ریاست کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے اور مملکت کی ترقی، وحدت اور استحکام کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اسلام آباد میں قومی دن کے موقع پر سڑکوں کے کنارے جھنڈے لہراتے رہے جبکہ رات کے وقت عمارتوں کو سبز اور سفید روشنیوں سے منور کیا گیا۔ شہریوں نے بھی اس موقع پر سعودی عرب کے ساتھ اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، جس کی جھلک اس قومی دن کی تقریبات میں واضح طور پر نظر آئی۔
