ریاض: ریڈ سِی گلوبل (آر ایس جی) نے شورٰی لنکس کا افتتاح کر دیا ہے، جو سعودی عرب کا پہلا 18 ہولز پر مشتمل عالمی معیار کا گالف کورس ہے جو مکمل طور پر بحیرۂ احمر کے ایک جزیرے پر قائم ہے۔ یہ گالف کورس قدرتی حسن، لگژری سہولتوں اور ماحولیاتی پائیداری کے امتزاج کے باعث خطے میں اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 7400 گز طویل پار-72 گالف کورس مینگرووز اور سنہری ریت کے ٹیلوں کے درمیان بل کھاتا ہوا بحیرۂ احمر کے دلکش ساحل سے جا ملتا ہے۔ اس کا ڈیزائن کھیل کی روایتی روح کو برقرار رکھتے ہوئے ماحول پر کم سے کم اثر ڈالنے کے اصول پر بنایا گیا ہے۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر اور ’گالف سعودی‘ کے چیئرمین یاسر بن عثمان الرمیان نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ شورٰی لنکس کا آغاز سیاحت اور کھیلوں میں عالمی قیادت کی جانب مملکت کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کورس سعودی وژن 2030 کی امنگوں کا عکس ہے جو معیشت کو متنوع بنانے، نئے مواقع پیدا کرنے اور معیارِ زندگی کو بلند کرنے کے لیے سنگِ بنیاد ثابت ہوگا۔
آر ایس جی کے سی ای او جان پیگانو کے مطابق شورٰی لنکس لگژری سیاحت اور پائیداری کو یکجا کرتے ہوئے عالمی سیاحتی نقشے پر سعودی عرب کی نئی پہچان بنے گا۔
گالف سعودی کے سی ای او نوح علی رضا نے کہا کہ شورٰی لنکس مملکت میں گالف سیاحت کا پہلا سنگِ میل ہے جو دنیا بھر کے سیاحوں، سرمایہ کاروں اور گالف شائقین کے لیے کشش کا مرکز ہوگا۔
کورس میں عالمی معیار کے تربیتی میدان، خاندان دوست منی کورس، اور ایک ساحلی کلب شامل ہے جو سماجی و تفریحی مرکز کے طور پر خدمات انجام دے گا۔ ہر ہول قدرتی دلکشی اور مقامی جنگلی حیات کے ہمراہ ایک منفرد منظر پیش کرتا ہے۔
یہ کورس شورٰی جزیرے پر قائم ہے جسے بحیرۂ احمر کے سیاحتی مقام کا دل کہا جاتا ہے۔ آئندہ ہفتوں میں عالمی برانڈز ایس ایل ایس، ایڈیشن اور دیگر ریزورٹس کے آغاز کے بعد یہاں مہمانوں کی آمد کا آغاز ہوگا۔ آنے والے مہینوں میں 11 شاندار صحت افزا اور تفریحی مقامات کھولے جائیں گے جہاں مہمانوں کو قدرتی مناظر، پُرتعیش سہولتوں، عالمی معیار کے کھانے اور خریداری کا شاندار تجربہ ملے گا
