حائل:سعودی ونٹر 2025پروگرام کے تحت سیاحوں کے لیے ایک نمایاں اور پرکشش مقام کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ اپنی ٹھنڈی فضاؤں، وسیع صحراؤں اور منفرد ثقافتی رنگوں کے ساتھ یہ شہر سیاحوں کو ایک ایسا یادگار تجربہ فراہم کر رہا ہے جو قدرتی دلکشی اور روایتی مہمان نوازی دونوں کو یکجا کرتا ہے۔
حائل کا سب سے نمایاں قدرتی حسن النفود الکبیر ہے، جو ریت کا ایک وسیع سمندر ہے۔ اس کے سنہری ذرات اور لامحدود افق سیاحوں کو ایک جادوئی منظر پیش کرتے ہیں۔ یہاں آنے والے وزیٹرز ریت پر اسکیٹنگ، ڈیزرٹ سفاری، اور ستاروں بھری راتوں میں کیمپنگ جیسے منفرد تجربات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
لیکن حائل کا سفر صرف مہم جوئی تک محدود نہیں۔ سعودی ٹورازم اتھارٹی اور مقامی شراکت داروں کے تعاون سے منعقد کی جانے والی ثقافتی و سماجی سرگرمیاں سیاحوں کو حائلی کھانوں، موسیقی اور روایتی تہذیب سے روشناس کراتی ہیں۔ یوں یہ علاقہ خاندانوں کے لیے ایک گرمجوش اور دلکش ماحول پیش کرتا ہے۔
’سعودی ونٹر 2025پروگرام، جسے ’حیّ الشتاء(سرما خوش آمدید) کے عنوان کے تحت لانچ کیا گیا ہے، 1200 سے زائد سیاحتی پروڈکٹس اور 600 خصوصی آفرز پر مشتمل ہے۔ ان میں رعایتی پیکجز، خاندانی منصوبے اور مخصوص تجربات شامل ہیں، جو ہر طبقے کے لیے کچھ نہ کچھ پیش کرتے ہیں۔
یہ پروگرام سعودی عرب کو ایک عالمی سیاحتی منزل کے طور پر مزید مضبوط کرنے کی جانب ایک اور بڑا قدم ہے۔ مملکت کا وژن 2030 اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ 2030 تک 150 ملین سیاحوں کو خوش آمدید کہا جائے، جو نہ صرف سیاحت بلکہ قومی معیشت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
