سعودی عرب کا کنگ سلمان بن عبدالعزیز نیچرل ریزرو خطے کی سب سے بڑی قدرتی پناہ گاہوں میں شمار ہوتا ہے، جو ہر سال دور دراز سے آنے والے ہزاروں موسمی پرندوں کے لیے ایک محفوظ اور مثالی ٹھکانہ بن جاتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے عالمی دن کے موقع پر ریزرو اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر خصوصی مہم کے ذریعے پرندوں کی اہمیت اور ماحول میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔
اتھارٹی کے مطابق اس آگاہی مہم کا مقصد عوام کو اس بات سے روشناس کرانا ہے کہ یہ پرندے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ان کی نقل و حرکت اور قیام نہ صرف فطری زنجیرِ حیات (Ecosystem) کو متوازن رکھتی ہے بلکہ پودوں کی افزائش، بیجوں کی تقسیم اور کیڑوں کے قدرتی کنٹرول میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
کنگ سلمان نیچرل ریزرو کی وسعت میں وادیاں، پہاڑی سلسلے، چکنی مٹی کے مقامات اور پانی کے ذخائر شامل ہیں ،یہی وہ مقامات ہیں جہاں پرندے لمبے سفر کے بعد آرام، خوراک اور تحفظ پاتے ہیں۔یہ قدرتی تنوع نہ صرف پرندوں بلکہ دیگر جنگلی حیات کے لیے بھی ایک متوازن ماحولیاتی ماحول فراہم کرتا ہے۔
ریزرو انتظامیہ پرندوں کے تحفظ کے لیے جدید ماحولیاتی نگرانی کے نظام استعمال کر رہی ہے۔اس کے تحت پرندوں کی نقل و حرکت، افزائشِ نسل، اور قیام کے دورانیے پر مسلسل نظر رکھی جاتی ہے۔یہ اقدامات اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ قدرتی ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر پرندوں کی فطری زندگی برقرار رہے۔
ہر سال نقل مکانی کرنے والے پرندوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اور اس موقع پر کنگ سلمان نیچرل ریزرو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن جاتا ہے۔یہ ریزرو نہ صرف سعودی عرب کے ماحولیاتی وژن 2030 کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ قدرت کی حفاظت اور پائیدار ماحول کے قیام میں سعودی عرب عملی طور پر صفِ اول میں ہے۔
کنگ سلمان بن عبدالعزیز نیچرل ریزرو آج صرف ایک محفوظ پناہ گاہ نہیں بلکہ انسان اور فطرت کے درمیان توازن، ہم آہنگی اور ذمہ داری کی علامت بن چکا ہے۔یہ وہ مقام ہے جہاں فطرت اپنے خالص ترین رنگوں میں جھلکتی ہے اور جہاں سے دنیا کو یہ پیغام ملتا ہے کہ قدرت کی حفاظت ہی مستقبل کی بقا ہے۔
