مکہ مکرمہ:سعودی عرب کے ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے مقدس شہر مکہ مکرمہ کے قلب میں ایک عظیم الشان منصوبے’کنگ سلمان گیٹ‘کا باضابطہ اعلان کر دیا ہےجو نہ صرف مکہ کے روحانی تشخص بلکہ اس کے شہری، اقتصادی اور ثقافتی ڈھانچے کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ منصوبہ مسجد الحرام کے قریب 12 ملین مربع میٹر کے وسیع رقبے پر تعمیر کیا جائے گا۔ اسے مکہ مکرمہ کے مرکزی ڈھانچے کی سب سے بڑی جدید تعمیراتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ منصوبے کا مقصد زائرین کے لیے بہتر سہولیات، پائیدار شہری ترقی اور مکہ کو عالمی معیار کا روحانی و ثقافتی مرکز بنانا ہے۔
کنگ سلمان گیٹ میں جدید رہائشی عمارات، ثقافتی مراکز، تجارتی زونز، ہوٹل، اور عبادت کے لیے 9 لاکھ نمازیوں کی گنجائش والے اندرونی و بیرونی صحن شامل ہوں گے۔ منصوبے کے تحت جدید ترین عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم بھی قائم کیا جائے گا، جس سے مسجد الحرام تک پہنچنے میں غیر معمولی آسانی پیدا ہوگی۔
سعودی حکام کے مطابق یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کا مرکزی ستون ہے، جس کا مقصد اقتصادی تنوع، سیاحت کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ تخمینوں کے مطابق 2036 تک 3 لاکھ سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی، جبکہ یہ منصوبہ مکہ کی تاریخی شناخت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
یہ عظیم منصوبہ نہ صرف سعودی عرب کے تعمیراتی وژن اور روحانی عزم کی عکاسی کرتا ہے بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے ایک ایسے پرامن، منظم اور مہمان نواز مکہ کی تشکیل کا وعدہ بھی کرتا ہے، جہاں عقیدت اور جدیدیت کا حسین امتزاج دکھائی دے گا۔
