ریاض:سعودی دارالحکومت میں’ریاض فیشن ویک 2025‘کا تیسرا ایڈیشن آج سے پوری شان و شوکت کے ساتھ شروع ہو گیا ہے، جو 21 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ وزارتِ ثقافت کے فیشن کمیشن کی زیرِ سرپرستی منعقد ہونے والا یہ رنگا رنگ ایونٹ مشرقِ وسطیٰ میں فیشن، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کے سنگم کی علامت بن چکا ہے۔
چھ روزہ فیشن ویک کے دوران 25 سے زائد رن وے شوز، 10 خصوصی ڈیزائن پریزنٹیشنز اور متعدد فیشن و بیوٹی تقریبات ریاض بھر میں منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں مقامی اور بین الاقوامی ڈیزائنرز اپنی تخلیقات پیش کر رہے ہیں۔
اس سال کا سب سے بڑا پہلو برطانیہ کے عالمی شہرت یافتہ برانڈ ’ویویین ویسٹ وُڈ‘کی شمولیت ہے، جو پہلی بار مشرقِ وسطیٰ میں اپنا قدم رکھ رہا ہے۔ برانڈ کے سی ای او کارلو ڈی اماریو نے بتایا کہ وہ سعودی دستکاروں کے ساتھ مل کر کشیدہ کاری والے گاؤنز کا منفرد کلیکشن پیش کر رہے ہیں جو مقامی روایت اور عالمی فیشن کے حسین امتزاج کی عکاسی کرے گا۔
ریاض فیشن ویک کے آفیشل انسٹاگرام پیج کے مطابق، 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ریاض عالمی فیشن کے نقشے پر نمایاں طور پر ابھرے گا، جہاں فیشن، ثقافت اور تخلیقی قوتیں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔
فیشن ویک کا اختتام معروف برطانوی برانڈ ’سٹیلا میک کارٹنی‘کے ایک شاندار شو سے ہوگا، جسے اس سال کے سب سے یادگار فیشن لمحات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
ریاض فیشن ویک 2025 کو خاص طور پر اس بات نے نمایاں کیا ہے کہ افتتاحی تقریب پہلی بار بین الاقوامی برانڈز کے اشتراک سے منعقد ہو رہی ہے، جبکہ ابھرتے ہوئے سعودی ڈیزائنرز کو بھی عالمی سطح پر متعارف کرانے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
