ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے Joy Forum 2025 میں بالی ووڈ کے تینوں بڑے سپر اسٹارز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان ایک ہی اسٹیج پر اکٹھے ہوئے، جس نے مداحوں کو حیران اور پرجوش کر دیا۔ تین دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے ان ستاروں نے اپنی مشترکہ موجودگی سے تقریب کو ایک یادگار اور تاریخی رنگ دے دیا۔
تقریب کے دوران تینوں اداکاروں نے اپنی فلمی زندگی کے سفر، دوستی اور باہمی احترام پر کھل کر بات کی۔ سلمان خان نے گفتگو کے دوران شاہ رخ خان کی جدوجہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عامر اور میں فلمی پس منظر سے آتے ہیں، لیکن شاہ رخ دہلی سے آئے اور اپنی محنت سے اس مقام تک پہنچے جہاں آج ہیں۔ یہ سن کر شاہ رخ نے اپنے مخصوص پرمزاح انداز میں مداخلت کی اور کہا: “سلمان، میں بھی فلمی فیملی سے ہوں سلمان کا خاندان میرا خاندان ہے، اور عامر کا بھی۔ اسی لیے میں اسٹار ہوں
شاہ رخ کی اس بات پر پورا ہال قہقہوں سے گونج اٹھا، اور عامر خان نے برجستہ جواب دیا اب آپ جان گئے کہ شاہ رخ خان اسٹار کیوں ہیں! تینوں خانز کی یہ خوشگوار نوک جھونک اور محبت بھری بات چیت سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جہاں مداحوں نے اس لمحے کو بالی ووڈ کی تاریخ کا خوبصورت ترین منظر” قرار دیا۔
تینوں اداکاروں نے کہا کہ اگرچہ بالی ووڈ میں مقابلہ ہمیشہ رہا ہے، لیکن دوستی، محبت اور احترام ان کے رشتے کی اصل بنیاد ہیں۔ Joy Forum 2025 میں ان کی موجودگی نے نہ صرف مداحوں کو مسرور کر دیا بلکہ ایک مثبت پیغام بھی دیا کہ اصل کامیابی اس وقت ہوتی ہے جب ستارے ایک دوسرے کی کامیابی پر خوش ہوں، نہ کہ حسد کریں۔
یہ ملاقات شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گئی، جو نہ صرف فلمی دنیا بلکہ دوستی اور انسانیت کی خوبصورتی کا بھی مظہر تھی۔
