سعودی عرب کے مشرقی ریجن کی ترقیاتی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ “الخبر سیزن 2025” کا آغاز جمعرات، 23 اکتوبر 2025 سے کیا جائے گا، جو 31 جنوری 2026 تک رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ جاری رہے گا۔
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق، ریجنل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قائم مقام سی ای او ڈاکٹر طلال المغلوث نے بتایا کہ اس سال کا سیزن “الخبر” کو سیاحت اور تفریح کا نیا چہرہ بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، سیزن کے دوران مختلف ثقافتی، تفریحی، فنی، کھیلوں اور ساحلی سرگرمیوں کے ذریعے عوام اور سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کیا جائے گا۔
ڈاکٹر المغلوث نے کہا کہ الخبر سیزن 2025 نہ صرف مقامی معیشت کو تقویت دے گا بلکہ روزگار کے سینکڑوں نئے مواقع پیدا کرے گا اور متوقع آمدنی 85 ملین ریال سے تجاوز کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے اس مقصد کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت مملکت کو عالمی سیاحتی مرکز بنانے کی حکمتِ عملی پر عمل جاری ہے۔
ادارہ ترقیات برائے سیاحتی مقامات کے ریجنل ڈائریکٹر انجینئر ثامر الشیخ کے مطابق، اس بار سیزن کو سات مرکزی مقامات پر ترتیب دیا گیا ہے جن میں
الخبر کورنیش، شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل تفریحی مرکز “اثراء”، سلطان بن عبدالعزیز سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر، واجدان واک، سینڈی بیچ سائڈ، اور شمالی الخبر کورنیش شامل ہیں۔
ان تمام مقامات پر 147 رنگا رنگ تقاریب اور سرگرمیاں منعقد ہوں گی جن میں خاندانی تفریح، لائیو کنسرٹس، فوڈ فیسٹیولز، ثقافتی مظاہرے، آرٹ انسٹالیشنز اور سیاحتی مہمات شامل ہوں گی۔
اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ الخبر سیزن 2025 سے مشرقی ریجن کی ثقافتی پہچان، شہری زندگی اور بین الاقوامی سیاحتی وقار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ سیزن مقامی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے تفریح، خوشی اور ثقافت کا سنگم ثابت ہوگا۔
