ریاض:سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں خواتین میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی پھیلانے کے لیے ایک رنگا رنگ اورمتاثرکن خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا،جس نے صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کی ایک نئی مثال قائم کر دی۔ ریاض کے پرومینیڈ میں ہونے والی اس تقریب میں بڑی تعداد میں خواتین، نوجوانوں، فیملیز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق اس مہم کا مقصد بریسٹ کینسر سے بچاؤ کے لیے ابتدائی تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا اور معاشرے میں صحت مند اور فعال طرزِ زندگی کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ واک کے آغاز سے قبل شرکاء میں گلابی رنگ کے خصوصی ٹریک سوٹس اور ربنز تقسیم کیے گئے، جو امید، ہمت اور زندگی کی علامت کے طور پر پہنے گئے۔
واک میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ مملکت کی جانب سے صحت مند معاشرے کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ ایک سعودی خاتون نے کہا یہ صرف واک نہیں، ایک پیغام ہے کہ ہر خاتون اپنی صحت کے بارے میں باخبر ہو۔
اسی دوران فلپائن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی شرکاء نے بھی اس ایونٹ میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔ ایک فلپائنی خاتون نے کہایہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہم بھی اس مثبت اقدام کا حصہ ہیں۔ صحت مند معاشرہ مضبوط قوم کی بنیاد ہے
ایونٹ کے دوران میوزک، فٹنس ایکٹیویٹیز، آگاہی پوسٹرز اور اسکریننگ اسٹالز بھی لگائے گئے، جہاں خواتین کو بریسٹ کینسر کی علامات، تشخیص اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔
یہ واک سعودی وژن 2030 کے تحت صحت مند اور فعال معاشرے کے ہدف کی سمت ایک مؤثر قدم قرار دی جا رہی ہےجہاں خواتین بااختیار، باشعور اور صحت مند زندگی کی طرف گامزن ہیں
