متحدہ عرب امارات میں ’’ایئر اینڈ میزائل وارفیئر سینٹر (ATLC-35)‘‘ ابوظہبی :کے عنوان سے شاندار اور بھرپور مشترکہ فضائی مشقوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ ان مشقوں میں شاہی سعودی فضائیہ، شاہی سعودی فضائی دفاعی فورسز سمیت برادر اور دوست ممالک کی افواج شریک ہیں، جو خطے میں عسکری تعاون اور مشترکہ دفاعی استعداد کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
شاہی سعودی فضائیہ ان مشقوں میں اپنے جدید ’’ٹورنیڈو‘‘ جنگی طیاروں کے ساتھ حصہ لے رہی ہے۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد آپریشنل تیاری کے معیار کو بلند کرنا، فضائی اور فنی عملے کو جدید جنگی تجربات سے آراستہ کرنا، مشترکہ فضائی آپریشنز میں ہم آہنگی پیدا کرنا، اور فضائی جنگی حکمتِ عملیوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
شرکت کرنے والے سعودی فضائیہ کے گروپ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ حماد الحربی نے اپنے بیان میں کہا کہ "یہ مشقیں نہ صرف برادر اور دوست ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بناتی ہیں بلکہ مختلف فوجی شعبوں میں تجربات کے تبادلے کا قیمتی موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔”
سعودی فضائیہ کا دستہ اپنی فضائی، فنی اور معاون ٹیموں کے ہمراہ الظفرہ ایئربیس پر پہنچ چکا ہے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال مشقوں کے لیے تعینات سعودی فضائی گروپ کے کمانڈر نے کیا۔ بیس پر فضائیہ کے دستوں کے درمیان دوستی، تعاون اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ اس بات کا ثبوت ہے کہ خطے میں امن، استحکام اور دفاعی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے یہ مشقیں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
یہ مشقیں نہ صرف جدید فضائی ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کا میدان فراہم کر رہی ہیں بلکہ مستقبل کی جنگی حکمتِ عملیوں کے لیے ایک عملی تجربہ گاہ بھی ثابت ہوں گی۔ دفاعی ماہرین کے مطابق، ’’ATLC-35‘‘ خطے میں فضائی تعاون اور عسکری اتحاد کو نئی جہت فراہم کرے گا۔
