ریاض:سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے اتوار کے روز ریاض میں وزارتِ خارجہ کے ہیڈکوارٹر میں سری لنکا کے وزیرِ خارجہ وجیتا ہیراتھ کا پُرتپاک استقبال کیا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے پچاس سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور سری لنکا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت، توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا، خاص طور پر جنوبی ایشیا اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران شہزادہ فیصل بن فرحان نے سری لنکن وزیرِ خارجہ کو دوستی کے پچاس سال مکمل ہونے پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ پیش کیا، جو دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے۔یہ یادگاری ٹکٹ سعودی عرب اور سری لنکا کی سفارتی تاریخ میں ایک نئے باب کی نمائندگی کرتا ہے۔
اس موقع پر وزارتِ خارجہ کے جنوبی ایشیائی امور کے ڈائریکٹر، ماجد بن عبدالرحمن العتیبی بھی موجود تھے۔ملاقات کو دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے دور کی شروعات قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا۔
