ریاض: سعودی عرب میں بین الاقوامی ہیومن ریسورس اینڈ مین پاور ایکسپو کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں دنیا بھر کے ممالک نے اپنے نمائشی سٹالز کے ذریعے حصہ لیا ہے۔ اس عالمی نمائش میں پاکستانی پویلین خاص طور پر نمایاں رہا، جس کا مقصد ملکی ٹیلنٹ، ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ اور مین پاور کی برآمدات کو عالمی سطح پر متعارف کروانا ہے۔
پاکستانی پویلین کا افتتاح ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹک، محمد عامر جان اور سفیر پاکستان احمد فاروق نے مشترکہ طور پر کیا۔ افتتاحی تقریب میں دونوں رہنماوں نے پاکستانی ٹیلنٹ کی تربیت، مین پاور کے عالمی مارکیٹ میں مواقع، اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیل سے بات کی۔ اس موقع پر پاکستانی پویلین کے ذریعے ملک کے مختلف صنعتی، تعلیمی اور تربیتی اداروں کی خدمات، مین پاور کی استعداد اور جدید ہیومن ریسورس سلوشنز کو عالمی سطح پر پیش کیا گیا۔
نمائش میں پاکستانی پویلین کے سٹالز پر زائرین کو ملک کی صلاحیتوں، تعلیمی اداروں، تکنیکی تربیت کے مراکز اور کاروباری مواقع سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں، نمائندگان بزنس و سرمایہ کاری کے مواقع پر مباحثے اور براہ راست بریفنگ بھی دے رہے ہیں، تاکہ پاکستان کی مین پاور کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق پیش کیا جا سکے۔
یہ ایکسپو نہ صرف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ اور مین پاور مارکیٹنگ کے فروغ کا پلیٹ فارم ہے بلکہ مختلف ممالک کے درمیان بین الاقوامی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے بھی اہم ثابت ہو رہا ہے۔ پاکستانی پویلین کی شرکت کے ذریعے ملک کے ماہرین، تربیت یافتہ افراد اور صنعتی ادارے سعودی عرب اور دیگر عالمی مارکیٹوں میں اپنا تاثر قائم کر رہے ہیں، جو ملکی معیشت اور برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس نمائش میں پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک بھی اپنے ماہرین اور اداروں کے ساتھ شریک ہیں، جس سے عالمی سطح پر ہیومن ریسورس کے شعبے میں تعاون اور تجربات کے تبادلے کو فروغ مل رہا ہے۔ پاکستانی پویلین میں موجود نمائندگان کا کہنا ہے کہ یہ نمائش پاکستان کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اپنی مصنوعات اور ٹیلنٹ سے روشناس کرانے کا بہترین موقع ہے، اور آئندہ سالوں میں ملک کے ہیومن ریسورس شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
