ریاض:سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں میٹرو منصوبہ عالمی سطح پر شہرت پا گیا ہےاوراسےگینز ورلڈ ریکارڈزمیں دنیا کا سب سے طویل مکمل خود کار ٹرین نیٹ ورک قرار دیا گیا ہے۔ یہ شاندار نیٹ ورک 176 کلومیٹر طویل ہے اور بغیر ڈرائیور کے چلنے والی ٹرینوں پر مشتمل ہے، جو شہر کے 85 اسٹیشنوں اور چھ مربوط لائنوں کو یکجا کرتی ہیں، اس طرح ریاض کی شہری نقل و حرکت کو ایک نئی جہت مل گئی ہے۔
ریاض میٹرو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جہاں ہر ٹرین کا نظام مرکزی کنٹرول رومز سے مکمل طور پر خودکار طور پر چلایا جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نگرانی، حفاظت اور معیار کے ہر پہلو کو انتہائی اعلیٰ سطح پر یقینی بنایا گیا ہے، اور شہریوں کے لیے محفوظ، تیز اور قابل اعتماد سفر ممکن ہوا ہے۔
یہ منصوبہ صرف ٹرانسپورٹ کا ذریعہ نہیں بلکہ ریاض کے شہری زندگی میں انقلاب لے کر آیا ہے۔ میٹرو نیٹ ورک ٹریفک کے بوجھ کو کم کر رہا ہے، اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے، سماجی رابطوں کو سہل بنا رہا ہے اور ماحولیاتی تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ شہری اب آسان، تیز اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے اپنے روزمرہ کے سفر کو آرام دہ اور محفوظ بنا سکتے ہیں۔
ریاض میٹرو کے ذریعے شہر کو عالمی معیار کا ٹرانسپورٹ ہب بنانے کا خواب حقیقت کا روپ اختیار کر گیا ہے، اور یہ منصوبہ سعودی عرب کی ترقی اور جدیدیت کا ایک شاندار مظہر بن چکا ہے۔
