سعودی عرب میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے اعلان کیا ہے کہ ریاض انٹرٹینمنٹ سیزن 2025 کے تجربات، سرگرمیوں اور عالمی تقریبات میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 50 لاکھ سے بڑھ چکی ہے، جو اس سیزن کی بے مثال مقبولیت اور عالمی کشش کا واضح ثبوت ہے۔
رواں سال کا سیزن تفریح، فنون، کھیل، ثقافت، موسیقی، خریداری اور عالمی شراکت داریوں کے انوکھے امتزاج کے باعث نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں ایک مضبوط برانڈ کے طور پر ابھرا ہے۔ 10 اکتوبر کو آغاز کے بعد سے ریاض سیزن خطے کے سب سے بڑے تفریحی پلیٹ فارمز میں شامل ہو گیا ہے، جہاں دنیا بھر سے سیاح، فنکار اور خصوصی ایونٹس کے شرکاء بڑی تعداد میں امڈ رہے ہیں۔
ترکی آل الشیخ کے مطابق سیزن 2025 نے 25 ہزار سے زائد براہِ راست نوکریاں اور ایک لاکھ سے زیادہ بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کیے، جو سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت کی بڑھتی ہوئی تفریحی صنعت اور معاشی سرگرمیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ریاض سیزن نہ صرف سیاحت کو نئی بلندیوں پر لے جا رہا ہے بلکہ سعودی عرب کو علاقائی تفریحی مرکز اور سالانہ لاکھوں زائرین کی اولین منزل کی حیثیت سے بھی مضبوط کر رہا ہے۔
