ریاض: سعودی وزارت اطلاعات گلوبل ہارمنی 2 انیشیٹو کے تحت جمعے سے السویدی پارک میں چار روزہ فلپائنی ثقافتی ایونٹ کا آغاز کر رہی ہے، جس میں فلپائن کی ثقافت کے تمام پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔ ایونٹ میں موسیقی، روایتی دستکاری، لوک کہانیاں اور بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں سمیت ثقافتی اور تفریحی پروگرامز کی متنوع رینج پیش کی جائے گی۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ ایونٹ وزارت اطلاعات کے تعاون سے اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی نگرانی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ گلوبل ہارمنی 2 کے تحت اب تک 14 ممالک کی ثقافتوں کو اجاگر کیا جا چکا ہے، جنہوں نے دو ملین سے زائد وزیٹرز کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔

ایونٹ سے قبل السویدی پارک میں انڈونیشی ثقافتی ویک اختتام پذیر ہوا، جس میں وزیٹرز کو انڈونیشیا کی مقامی روایات، ڈرم پرفارمنسز، دستکاریوں اور روایتی کھانوں کے ذریعے ایک مکمل ثقافتی تجربہ فراہم کیا گیا۔
فلپائنی ثقافتی ویک کے بعد یوگنڈا، ایتھوپیا اور سوڈان کی ثقافتی ویکس بھی منائی جائیں گی۔ گلوبل ہارمنی 2 کا مقصد سعودی عرب میں موجود مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا اور مختلف ثقافتوں کو عوام کے سامنے پیش کرنا ہے۔ یہ انیشیٹو ویژن 2030 کے تحت مملکت میں کمیونٹی کی زندگی بہتر بنانے اور ان کی روایات کو اجاگر کرنے کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ایونٹ کی سرگرمیاں 20 دسمبر تک جاری رہیں گی، اور توقع ہے کہ مقامی اور بین الاقوامی زائرین فلپائن کی ثقافت کا بھرپور تجربہ حاصل کریں گے۔
