جدہ: ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے 2025 ایڈیشن کا آغاز جمعرات کو جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں ہوا، جہاں ہالی وڈ، بالی وڈ اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کی فلم انڈسٹری کے بین الاقوامی ستارے ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئے۔ فیسٹیول 13 دسمبر تک جاری رہے گا اور یہ ملک میں فلم، ثقافت اور عالمی تعاون کا ایک شاندار پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
افتتاحی تقریب میں آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ایڈریئن بروڈی، امریکی اداکارائیں کوئین لطیفہ، کرسٹن ڈنسٹ، جیسیکا البا اور یوما تھرمن، کیوبا و سپین کی اداکارہ انا ڈی آرمس، برطانوی اداکار ڈینیئل کالویا اور گلوکارہ ریتا اورا موجود تھیں۔ سعودی شوبز کی جانب سے اداکارہ سارہ طیبہ ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئیں، جن کے ساتھ زینا مکی، حنا منصور اور دیگر بھی شریک ہوئے۔
ایڈریئن بروڈی نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "یہ میری دوسری بار شرکت ہے اور میں فخر محسوس کر رہا ہوں کہ سعودی عرب فلم اور فنون کے ساتھ اپنی ثقافت کو بھی سپورٹ کر رہا ہے۔ نوجوانوں میں میں نے جوش اور خوداعتمادی کا جذبہ محسوس کیا، جو واقعی حیرت انگیز ہے۔”
فیسٹیول خواتین فلم سازوں اور نوجوان ہنرمندوں کے لیے مواقع فراہم کرنے پر بھی زور دے رہا ہے۔ برطانوی اداکار مائیکل کین کو فلمی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز دیا گیا۔
اس سال کے فیسٹیول کا موضوع "فار دا لو آف سینما” ہے، جس میں سعودی عرب، عرب دنیا، ایشیا اور افریقہ کی 100 سے زائد فلمیں پیش کی جائیں گی، جن میں عالمی پریمیئرز، علاقائی آغاز، دستاویزی فلمیں، اینیمیشن اور شارٹ فلمیں شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب میں یوکے اور امریکہ کی بایوپک فلم جائنٹ بھی پیش کی گئی، جس میں برطانوی یمنی باکسر پرنس نسیم حامد کی زندگی دکھائی گئی، جس کا کردار امیر المصرٰی نے ادا کیا۔ المصرٰی نے کہا، "یہ فلم مشرق اور مغرب کو یکجا کرتی ہے اور ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس نے مشکلات کے باوجود عالمی شہرت حاصل کی۔”
فیسٹیول کے دوران 70 سے زائد ممالک کی فلمیں پیش کی جائیں گی، جبکہ فلسطین 36، ان آئیڈنٹیفائیڈ اور اے میٹر آف لائف اینڈ ڈیتھ جیسی مقامی فلمیں بھی نمائش میں شامل ہیں۔ سعودی اداکارہ سارہ طیبہ نے اپنی فلم کو "رومانوی ڈارک کامیڈی اور سعودی سینما میں ایک نیا تجربہ” قرار دیا۔
فیسٹیول صرف فلموں کا جشن نہیں بلکہ صنعت کے لیے بھی ایک بڑا ہب ہے۔ ریڈ سی مارکیٹ پلیس 6 سے 10 دسمبر تک منعقد ہوگی، جس میں 40 سے زائد ممالک کے 160 سے زیادہ نمائش کنندگان، صنعتی پینلز، پروجیکٹ مارکیٹ پچز، ماسٹر کلاسز اور نیٹ ورکنگ سیشنز شامل ہیں۔
ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول نہ صرف سعودی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہا ہے بلکہ جدہ کو دنیا کے فلمی مراکز میں ایک اہم مقام بھی دے رہا ہے۔
