ریاض: سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز فالکن فیسٹیول 2025 کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، جس کی تاریخیں 25 دسمبر 2025 سے 10 جنوری 2026 تک مقرر کی گئی ہیں۔ اس عالمی فیسٹیول میں مقامی اور بین الاقوامی فالکنرز شرکت کریں گے اور شائقین کو فالکن ریس، حسن کے مقابلے اور دیگر دلچسپ سرگرمیوں کا نظارہ کرنے کا موقع ملے گا۔
فالکن فیسٹیول کے دوران 38 ملین ریال کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے، جو عالمی سطح پر اس قسم کے مقابلوں میں سب سے بڑے سمجھے جاتے ہیں۔ فیسٹیول میں 400 میٹر کی ریس ‘ملواح’ ہوگی، جس میں ماہر فالکنرز حصہ لیں گے۔
ریس کے فاتحین کو نہ صرف نقد انعامات بلکہ کنگ عبدالعزیز کپ، شاہی تلوار اور نیزہ بھی دیے جائیں گے۔ مقامی کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے نمبر کے فاتح کو 4.7 ملین ریال ملیں گے، جبکہ بین الاقوامی راؤنڈ کے فاتحین کو بھی اتنی ہی رقم دی جائے گی۔
فالکنز کی تربیت کرنے والے مقامی پیشہ ور افراد کے لیے انعام 7 لاکھ 44 ہزار ریال، جبکہ بین الاقوامی راؤنڈ کے لیے 20 لاکھ ریال مقرر کیے گئے ہیں۔
مستقبل کے فالکنرز، خواتین اور سکولوں کے لیے تین راؤنڈز بھی رکھی گئی ہیں، جن میں ایک لاکھ 50 ہزار ریال انعامات دیے جائیں گے۔ مقامی پیشہ ور فالکنرز کے لیے 16.3 ملین ریال کے انعامات بھی مختص ہیں۔
اس سال نووا فالکن ریس کے لیے 5 لاکھ 50 ہزار ریال اور منگولین فالکن ریس کے لیے 3 لاکھ 37 ہزار ریال کے انعامات مخصوص کیے گئے ہیں۔
اس فیسٹیول کے انعقاد سے سعودی عرب میں فالکن کلچر اور تربیت کی حوصلہ افزائی ہوگی، جبکہ بین الاقوامی شائقین اور ماہرین کے لیے یہ فالکن ریس کا سب سے بڑا عالمی میلہ ثابت ہوگا۔
