سعودی عرب کے حدود الشمالیہ اور قصیم ریجنز نے رواں برس دسویں کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول میں اپنی علاقائی ثقافت اور تہذیب کو اجاگر کرنے کے لیے شاندار پویلین قائم کیا ہے۔ ایس پی اے کے مطابق اس فیسٹیول کا سلوگن ’صداقت اور سلامتی‘ رکھا گیا ہے، جبکہ وزارت داخلہ کا مرکزی پویلین ’نخلستانِ امن‘ کے عنوان سے پیش کیا گیا ہے۔
علاقائی پویلین میں مقامی ثقافت کی بھرپور نمائندگی کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں روایتی رقص، ثقافتی موسیقی، فالکنز کی نمائش اور علاقائی دستکاریوں کی نمائش شامل ہے۔
سعودی فنکار رباب کے ذریعے پیش کی جانے والی مقامی دھنیں، فیسٹیول کے شرکاء کو سعودی ثقافت کے قریب لانے میں معاون ہیں، جبکہ مہمان نوازی کے لیے ایک خصوصی کارنر قائم کیا گیا ہے جہاں آنے والوں کو سعودی قہوہ اور کھجور پیش کر کے ان کا دل جیتا جا رہا ہے۔
یہ پویلین مختلف شعبوں اور اداروں کے اشتراک سے ترتیب دیا گیا ہے، جس میں ثقافت و فنون کی ایسوسی ایشن کے ساتھ ساتھ ادبی و ثقافتی تنظیمیں بھی سرگرم عمل ہیں۔ علاوہ ازیں، ریجنل بلدیہ کی ٹیمیں علاقے کے ترقیاتی منصوبوں، مقامی ترقی اور شہری سہولیات کو بھی اجاگر کر رہی ہیں، جس سے نہ صرف ثقافت بلکہ ریجنز کی سماجی اور اقتصادی ترقی کی جھلک بھی نظر آ رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پویلین سعودی عرب کی مقامی ثقافت کی بقاء، نوجوان نسل میں ثقافتی شعور اور روایات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔
دسویں کیمل فیسٹیول میں علاقائی پویلین کی یہ شاندار نمائش، نہ صرف مقامی باشندوں بلکہ بین الاقوامی زائرین کے لیے بھی ایک یادگار تجربہ فراہم کر رہی ہے اور سعودی ثقافت کی عالمی سطح پر پہچان کو فروغ دے رہی ہے۔
