جدہ:اریٹیریا کے صدر عیسی ایزا فورکی نے ہفتے کے روز جدہ اسلامک پورٹ کا دورہ کیا، جہاں سعودی پورٹ اتھارٹی کے صدر سلیمان المزروع نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہ دورہ بحیرہ احمر میں سعودی عرب کے اسٹریٹجک کردار اور عالمی میری ٹائم نیٹ ورک میں اس کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا واضح مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق اریٹیریا کے صدر کو بحیرہ احمر گیٹ وے ٹرمینل سے متعلق ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی، جس میں میری ٹائم ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے میں مہارت رکھنے والی قومی کمپنی کے اہم آپریشنز، جدید ڈیجیٹل سسٹمز اور اسمارٹ پورٹ مینجمنٹ ماڈلز کو اجاگر کیا گیا۔
صدر عیسی ایزا فورکی نے بندرگاہ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور جدید ترین ٹیکنالوجی، خودکار نظام، تیز رفتار کارگو ہینڈلنگ اور کارکردگی میں اضافے کے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ اقدامات سعودی بندرگاہوں کی صلاحیت، رفتار اور بین الاقوامی مسابقت کو نمایاں طور پر بہتر بنا رہے ہیں۔
یہ دورہ نہ صرف سعودی عرب کے میری ٹائم ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے میں علاقائی و عالمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے بلکہ ویژن 2030 کے اہداف کے مطابق مملکت کی بندرگاہوں کو عالمی تجارت کے لیے ایک اسٹریٹجک ہب کے طور پر مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی تقویت دیتا ہے۔
دورے کے اختتام پر اریٹیریا کے صدر جدہ سے وطن روانہ ہوگئے۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل اور دیگر اعلیٰ حکام نے انہیں الوداع کہا۔
اس سے قبل صدر عیسی ایزا فورکی نے ریاض میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی و ترقیاتی تعاون، لاجسٹکس، تجارت اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
