آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع مشہور ساحلی مقام بونڈائی بیچ پر ہونے والے دہشت گرد حملے پر سعودی عرب نے شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کے روز دو مشتبہ حملہ آوروں نے بونڈائی بیچ پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
فائرنگ کے اچانک واقعے سے علاقے میں شدید افراتفری پھیل گئی، لوگ جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر دوڑتے رہے جبکہ کئی زخمیوں کو موقع پر زمین پر پڑا دیکھا گیا۔
آسٹریلوی پولیس کے مطابق فوری کارروائی کے دوران ایک مبینہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ دوسرا حملہ آور شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد بونڈائی بیچ اور اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ حملے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک باضابطہ بیان میں اس دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ہر قسم کے تشدد، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف اپنے دیرینہ اور واضح موقف پر قائم ہے۔
بیان میں حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت، آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا، جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا گیا۔
