سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا، جس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ اجلاس میں پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران سعودی عرب نے دیگر دوست ممالک کے ساتھ بھی مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے، جن کا مقصد علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق، کابینہ نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا، جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہیں۔ ان منصوبوں کا بنیادی مقصد سعودی شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا، معاشی تنوع کو فروغ دینا اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
