اسلام آباد: کنگ سلمان ریلیف سنٹر نے پاکستان میں ونٹر کٹس کی فراہمی کا بڑا منصوبہ شروع کر دیا، جس کا مقصد ملک کے مستحق خاندانوں کو سردیوں میں تحفظ اور آرام فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارتخانے میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بھائی چارے، محبت اور اعتماد پر مبنی ہیں، اور سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ریلیف سنٹر دنیا بھر میں انسانی فلاح و بہبود کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور پاکستان میں اس کا کردار خاص طور پر نمایاں ہے۔
منصوبے کے تحت 22 ہزار مستحق خاندانوں میں ونٹر کٹس تقسیم کی جائیں گی، جس سے تقریباً ایک لاکھ 54 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔ امدادی کٹس میں دو کمبل، سردیوں کے لیے خاندان بھر کے کپڑے، سویٹر، گرم جرابیں اور ٹوپیاں شامل ہیں۔
سردار محمد یوسف نے بتایا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، رورل سپورٹ اور مقامی انتظامیہ کے ذریعے چند روز میں ملک بھر میں تقسیم کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستانی عوام کے لیے بے لوث محبت اور ہمدردی کا مظہر ہے۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے فراہم کیے جانے والے امدادی پیکیج پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور سعودی عرب کے عوام اور حکومتوں کے درمیان اخوت اور محبت کو مزید مضبوط کرے گا۔
