ریاض/رِمِینی: سعودی عرب کا طباخی کمیشن اٹلی کے شہر رِمِینی میں 16 جنوری سے شروع ہونے والی عالمی شہرت یافتہ نمائش ’SIGEP WORLD 2026‘ میں شرکت کر رہا ہے، جو رِمِینی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس عالمی ایونٹ میں سعودی عرب کی نمائندگی کے لیے ’سعودی کلچر کا ذائقہ‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پویلین قائم کیا گیا ہے، جو نمائش میں آنے والے مہمانوں کو سعودی طباخی، ثقافت اور مہمان نوازی کا ایک منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کرے گا۔
اس نمائش میں سعودی طباخی کمیشن کی شرکت نہ صرف مملکت کی عالمی سطح پر موجودگی کو مضبوط بنائے گی بلکہ سعودی عرب کے کھانے پکانے کے فن میں موجود تنوع، زرخیزی اور تاریخی گہرائی کو بھی اجاگر کرے گی۔ ’SIGEP WORLD 2026‘ دنیا بھر میں مٹھائی، بیکری، کافی اور چاکلیٹ کے شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد اور کاروباری شراکت داروں کے لیے ایک معتبر اور نمایاں پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے، جہاں خیالات کے تبادلے اور نئے رجحانات کے فروغ کے وسیع مواقع میسر آتے ہیں۔
نمائش کے دوران سعودی طباخی کمیشن مملکت کی مشہور مہمان نوازی کی روایت، متنوع علاقائی پکوانوں اور قومی غذائی پروڈکٹس کو بھرپور انداز میں پیش کرے گا، جبکہ انٹرایکٹیو ثقافتی اور طباخی سرگرمیوں کے ذریعے مہمانوں کو سعودی ثقافت کے قریب لایا جائے گا۔ اٹلی میں اس عالمی ایکسپو میں شرکت سے سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مستند پکوان عالمی سطح پر متعارف ہوں گے، جس سے نہ صرف سعودی کھانوں کی پہچان مضبوط ہوگی بلکہ مملکت کی زرعی پیداوار اور غذائی مصنوعات کی بین الاقوامی رسائی میں بھی اضافہ ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس خصوصی پویلین میں آنے والے مہمانوں کے لیے یادگار تجربات کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں سعودی مجلس کا روایتی تصور بھی شامل ہے، جو صدیوں سے سعودی معاشرت میں لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنے اور باہمی تعلقات مضبوط بنانے کی علامت رہا ہے۔ مہمانوں کا استقبال سعودی عرب کی کافی اور کھجوروں کی پانچ مختلف اقسام سے کیا جائے گا، جس کے ذریعے نہ صرف مختلف سعودی پروڈکٹس کا تعارف ہوگا بلکہ مملکت کی روایتی مہمان نوازی کا عملی مظاہرہ بھی دیکھنے کو ملے گا۔
پویلین میں انٹرایکٹیو ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی جن میں سعودی عرب کے روایتی طباخی انداز کو جدید تکنیکوں کے ساتھ ہم آہنگ کر کے پیش کیا جائے گا۔ اس عالمی نمائش میں شرکت کے ذریعے سعودی طباخی کمیشن اپنے اس عزم کو مزید تقویت دے رہا ہے جس کے تحت سعودی ٹیلنٹ کی سرپرستی، قومی پروڈکٹس کا فروغ اور سعودی طباخی کو ایک مالامال ثقافتی ورثے کے طور پر عالمی سطح پر متعارف کرانا شامل ہے، تاکہ مملکت بین الاقوامی اسٹیج پر ایک مضبوط اور منفرد شناخت قائم کر سکے۔
