سعودی عرب میں شعبان المعظم 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث مملکت میں یکم شعبان بروز منگل 20 جنوری کو ہوگی۔
سعودی خبر ایجنسی کے مطابق رویتِ ہلال کی تصدیق نہ ہو سکی۔
دوسری جانب پاکستان میں شعبان کے چاند سے متعلق غیر سرکاری تنظیم رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چاند اتوار 18 اور پیر 19 جنوری 2026ء کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوگا۔
کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق 19 جنوری بروز پیر غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 18 گھنٹوں سے کم ہوگی، جبکہ ہلال کی رویت کے لیے کم از کم 19 گھنٹے عمر ہونا ضروری ہے، اس لیے اس روز چاند نظر آنے کا امکان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق بھی مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترے گا، جو مختلف شہروں میں 29 سے 33 منٹ کے درمیان رہے گا، جبکہ رویت کے لیے کم از کم 40 منٹ کا فرق ضروری سمجھا جاتا ہے۔
ان سائنسی عوامل کی بنیاد پر 20 جنوری کو چاند نظر آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم پاکستان میں چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔
