اسرائیلی اقدام کے بعد سعودی عرب نے نہ صرف انروا کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا بلکہ فلسطینی عوام کے لیے جاری اس ادارے کی انسانی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
اس حوالے سے سعودی وزارتِ خارجہ نے منگل کے روز ایک باضابطہ اور سخت مؤقف پر مبنی بیان جاری کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکتِ سعودی عرب فلسطینی بھائیوں کے لیے انروا کی جانب سے جاری امدادی منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گی اور اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی حقوق اور امداد تک رسائی سے محروم کرنا بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی امداد کے لیے کام کرنے والی تنظیموں اور ان کے عملے کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور ایسے اقدامات کو روکے جو انسانی ہمدردی کی کوششوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
بیان میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ اقوام متحدہ کے اداروں اور امدادی مشنز کو بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دینے دیا جانا چاہیے تاکہ فلسطینی عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران میں کمی لائی جا سکے۔
سعودی عرب کا یہ دوٹوک مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی صورتحال بدستور تشویشناک ہے اور امدادی اداروں کو شدید دباؤ اور خطرات کا سامنا ہے۔
