جدہ: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے مختصر سرکاری دورے کے دوران جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور پاکستان و سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کے ترجمان برائے خارجہ امور مشرف زیدی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات محدود سطح پر ہوئی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
ملاقات کے آغاز میں وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی دیرینہ اور مضبوط حمایت پر گہری قدردانی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر مشکل حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مملکت کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ پیشرفت اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقائی امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان اور سعودی عرب مل کر کام کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے مختصر سرکاری دورے پر جدہ پہنچے تھے۔ وزیراعظم سعودی عرب میں چند گھنٹے قیام کے بعد ولی عہد سے ملاقات مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔
جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر وزیراعظم کا استقبال مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر پرنس سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر سفارتی حکام نے کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا بلکہ خطے میں جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کے مثبت اور فعال سفارتی کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
