سعودی عرب نے شام کو طبی امداد کا ایک امدادی پیکج فراہم کیا ہے جس کا مقصد گردوں کی ڈائیلاسز اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کی مدد کرنا ہے۔ یہ امداد شاہ سلمان ریلیف اینڈ ہیومینٹیرین ایڈ سینٹر کی جانب سے دی گئی ہے ۔ اس امداد سے شام کے تمام علاقے مستفید ہوں گے۔ شامی وزیر صحت مصعب العلی نے کہا ہے کی کہ یہ ادویات تمام صوبوں کی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ میں تقسیم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فراہم کردہ مقدار تھیلیسیمیا کے مریضوں کی ایک سال کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔ ان ادویات کی فراہمی مریضوں کی تکلیف کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
شامی وزیر صحت نے شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے ذریعے سعودی عرب کے فعال انسانی کردار پر شکریہ ادا کیا جو وزارت کی کوششوں اور مقامی طبی عملے کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد دے رہا ہے۔ انہوں نے شامی حکومت کی جانب سے اس انسانی ہمدردی کے کام پر شکریہ اور تعریف کا اظہار کیا جو دونوں برادر ملکوں کے درمیان اخوت اور تعاون کے سچے جذبات کا عکاس ہے۔
اسی دوران شاہ سلمان سینٹر نے گذشتہ روز شام کے صوبہ ادلب کے جنوبی شہر معرۃ النعمان میں ڈائیلاسز سینٹر کا افتتاح کیا۔ یہ سینٹر چار علاج گاہوں پر مشتمل ہے جس میں ڈائیلاسز کی 27 مشینیں نصب ہیں۔ ان کی آپریشنل گنجائش شفٹوں کے نظام کے تحت روزانہ تقریباً 2,400 سیشنز تک ہے اور ہر مشین 200 مریضوں کو خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس کے ساتھ ہی پانی کو میٹھا اور صاف کرنے کے پلانٹ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ سعودی عرب کی جانب سے فراہم کیے گئے امدادی پیکج کا مقصد علاقے کے 4 لاکھ 50 ہزار مستفید افراد کو ڈائیلاسز کے سیشنز کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ رہائشیوں بالخصوص اپنے علاقوں کو واپس آنے والوں پر مالی اور سفری بوجھ کم کیا جا سکے اور معرۃ النعمان اور نواح کے طبی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔
سعودی عرب شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے ذریعے شامی عوام کی انسانی اور امدادی مدد کا سلسلہ بند نہیں کر رہا۔ ہزاروں ٹن خوراک، ادویات اور خیموں پر مشتمل فضائی اور زمینی پل چلایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ گردوں اور خون کے مریضوں کی مدد اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے ذریعے استحکام اور تکالیف میں کمی کے لیے کوشاں ہے۔ یہ امداد سعودی عرب کے اس روایتی انسانی کردار کا حصہ ہے جو مختلف بحرانوں اور آزمائشوں میں شامی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کے کٹھن حالات کے اثرات کم کرنے کے لیے ادا کیا جاتا ہے۔
شاہ سلمان سینٹر کی جانب سے گذشتہ سال 2025 میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شامی عوام کو دی جانے والی مختلف ضروریات کی امداد کا کل وزن 1969.66 ٹن رہا۔ سعودی زمینی امدادی پل کے تحت سرحدی راستے سے گزرنے والے امدادی ٹرکوں کی کل تعداد 114 تک پہنچ گئی تھی۔
