ریاض: سعودی عرب میں بدھ کے روز شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ عید الفطر جمعہ 20 مارچ کو منائی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سعودی سپریم کورٹ نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو رمضان المبارک کے تیس روز مکمل ہوں گے اور اس کے بعد جمعہ کے دن عید الفطر منائی جائے گی۔
واضح رہے کہ سعودی سپریم کورٹ نے 18 مارچ کو شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی اور عوام سے کہا گیا تھا کہ اگر کوئی شخص چاند کو اپنی آنکھ سے یا دوربین کے ذریعے دیکھے تو وہ قریبی عدالت میں جا کر اپنی گواہی درج کروائے۔
سعودی عرب میں عید کا باضابطہ اعلان رویتِ ہلال کی مصدقہ شہادت کے بعد ہی کیا جاتا ہے، جس کے مطابق اس بار چاند نظر نہ آنے کے باعث رمضان کے تیس روز مکمل کیے جائیں گے۔
شوال کا چاند رمضان المبارک کے اختتام اور عید الفطر کے آغاز کی علامت ہوتا ہے۔ سعودی عرب سمیت بیشتر عرب ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز 18 فروری کو ہوا تھا۔
عید الفطر اسلامی تقویم کے دسویں مہینے شوال کے پہلے دن منائی جاتی ہے، جو خوشی، عبادت اور شکرگزاری کا دن ہوتا ہے۔ اس موقع پر مسلمان نمازِ عید ادا کرتے ہیں، مستحق افراد میں خیرات تقسیم کرتے ہیں اور اہل خانہ و رشتہ داروں کے ساتھ خوشیاں بانٹتے ہیں۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں عید منانے کی روایات مختلف ہو سکتی ہیں، تاہم دعا، مہمان نوازی، اچھے کھانے، نئے کپڑے پہننے اور عزیز و اقارب کے ساتھ وقت گزارنے جیسی روایات ہر جگہ مشترک ہوتی ہیں۔
