مکہ مکرمہ میں منشیات اسمگلنگ کے سنگین جرم میں ایک پاکستانی شہری کو سزائے موت دے دی گئی۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مجرم کو ہیروئن اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔ عدالت میں جرم ثابت ہونے پر اسے سزائے موت سنائی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تمام عدالتی کارروائیاں مکمل ہونے، سعودی سپریم کورٹ سے توثیق اور شاہی حکم نامہ جاری ہونے کے بعد گزشتہ روز سزا پر عملدرآمد کیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ منشیات اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے اور اس میں ملوث افراد کو سخت ترین سزائیں دی جائیں گی تاکہ معاشرے کو اس خطرناک لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔
حکام نے مزید کہا کہ سعودی عرب منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس حوالے سے قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق سعودی عرب میں منشیات سے متعلق قوانین انتہائی سخت ہیں اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جاتی ہے، تاکہ معاشرتی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
