سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے سعودی ادارہ برائے غذائی تحفظ کے نائب صدر محمد الفوزان سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
جنرل فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور غذائی تحفظ کے شعبے میں مشترکہ اقدامات کو وسعت دینے پر غور کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی پیداوار، سپلائی چین مینجمنٹ اور خوراک کے تحفظ جیسے اہم شعبوں میں باہمی تجربات اور مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے، مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے اور فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں عملی اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی اور زرعی روابط مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے
