پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اتفاق شہباز شریف اور محمد بن عبداللہ الجدعان کی ملاقات میں ہوا جو اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی۔اعلامیے کے مطابق ایک روزہ دورے پر آئے سعودی وزیر خزانہ نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
شہباز شریف نے اپنے حالیہ ٹیلیفونک رابطے کا حوالہ دیتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں پاکستان کی معاشی و مالی معاونت پر سعودی عرب کے کردار کو سراہا گیا، جبکہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سعودی تعاون پاکستان کی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا، جبکہ ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔اس موقع پر اسحاق ڈار اور عاصم منیر بھی ملاقات میں شریک تھے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو نئی سمت دے گی بلکہ خطے میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے بھی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
