ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک اور تشویش ناک خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ جائزے میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں تقریباً 4 روپے 75 پیسے تک اضافہ متوقع ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں معمولی ردوبدل ہو سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ عالمی سطح پر پیٹرول کی فری آن بورڈ قیمت 139 اعشاریہ 03 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 143 اعشاریہ 01 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے، جس کے اثرات مقامی منڈی پر بھی مرتب ہونے کا امکان ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اگر قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو اس کے اثرات صرف ٹرانسپورٹ ہی نہیں بلکہ اشیائے خور و نوش، کرایوں اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروریات پر بھی پڑیں گے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق حتمی فیصلہ حکومت کی جانب سے ٹیکسوں، پٹرولیم لیوی اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی شرح کے جائزے کے بعد کیا جائے گا۔ وزارتِ خزانہ کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان متوقع ہے، جس پر عوام اور کاروباری حلقوں کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
