اسلام آباد: پاکستان کے زرعی شعبے میں جدیدیت اور پیداوار میں اضافہ کے لیے سنگاپور کی ایک ہائبرڈ بیج کمپنی نے اہم پیشکش کی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق، کمپنی نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے خلاف مزاحمت رکھنے والے مکئی کے ہائبرڈ بیج متعارف کرانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
کمپنی کے جنوب مشرقی ایشیائی مارکیٹس کے کمرشل ڈائریکٹر برائس اسٹرجیس نے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے ملاقات میں کہا کہ جدید ہائبرڈ بیج ٹیکنالوجی کی بدولت پیداوار میں 32 فیصد تک اضافہ ممکن ہے، جس سے کسان زیادہ منافع حاصل کر سکیں گے۔
برائس اسٹرجیس نے بتایا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات جیسے پانی کی کمی اور بدلتے موسمی حالات کے چیلنجز کے پیش نظر یہ بیج کسانوں کے لیے پائیدار اور معاون حل فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورٹیوا پاکستان حکومت کے ساتھ مل کر خوراک کے تحفظ اور زرعی ترقی کے لیے جدید اور کسان دوست ہائبرڈ بیجوں پر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
سنگاپور کے وفد کے سربراہ نے کہا کہ ہائبرڈ بیجوں کے استعمال سے پاکستان کی زرعی برادری زیادہ پیداوار اور بہتر منافع حاصل کرے گی، جبکہ ملک کی طویل المدتی زرعی پائیداری میں بھی اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے کو جدیدیت اور اختراعی تکنیک کی اشد ضرورت ہے تاکہ موجودہ چیلنجز پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہائبرڈ بیج ٹیکنالوجی اور بہتر زرعی طریقہ کار کے ذریعے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، فصلوں کے نقصانات میں کمی اور قومی غذائی خود کفالت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
