کراچی: پاکستان کے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں ایک مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملی ہے، جب ایک ہفتے کے دوران ذخائر میں 34 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ذخائر کا مجموعی حجم بڑھ کر 19 ارب 680 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 5 ستمبر 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے میں مجموعی ذخائر میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر کا حجم 14 ارب 636 ملین ڈالر تک پہنچ گیا، جب کہ کمرشل بینکوں کے پاس رکھے گئے ذخائر 5 ارب 344 ملین ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
اعدادوشمار کے مطابق، صرف اسٹیٹ بینک کی سطح پر زرمبادلہ کے ذخائر میں 34 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کچھ حد تک نرمی کا باعث بن سکتی ہے اور ملکی کرنسی کو بھی سہارا فراہم کرے گی۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج اضافہ غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے میں مدد دے گا، تاہم پائیدار اقتصادی استحکام کے لیے برآمدات میں اضافے اور غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
