کراچی :پاکستان کی معیشت اور صنعتی شعبے کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے۔ عالمی سطح پر مشہور کنزیومر گڈز کمپنی پروکٹر اینڈ گیمبل (پی اینڈ جی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنا کاروبار بند کر رہی ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں اس کی ذیلی کمپنی جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ بھی متاثر ہوگی، جسے پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے ڈی لسٹ کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ اقدام پی اینڈ جی کے عالمی ری اسٹرکچرنگ پلان کا حصہ ہے، جس میں پورٹ فولیو، سپلائی چین اور تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلیاں شامل ہیں تاکہ ترقی اور ویلیو کری ایشن کو تیز کیا جا سکے۔
پی اینڈ جی کے پاکستان سے اخراج کی خبر ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب حالیہ مہینوں میں کئی بڑی کمپنیوں نے بھی ملک میں اپنے آپریشنز بند کرنے یا محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چند روز قبل ہی ملک کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل کمپنیوں میں سے ایک گل احمد ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ نے اپنے ایکسپورٹر اپیرل ڈویژن کو بڑھتی ہوئی لاگت اور پالیسی مسائل کے باعث بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے پہلے کریم نے پاکستان میں اپنی سروسز معطل کر دیں، جب کہ مائیکروسافٹ نے بھی ملک میں اپنے تمام آپریشنز ختم کرنے کا اعلان کیا۔
بلوم برگ کے مطابق 2021 سے 2024 کے دوران 55 سے زائد فنڈڈ اسٹارٹ اپس یا تو مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں یا انہیں اپنے بزنس ماڈلز میں بڑی تبدیلیاں کرنی پڑی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس رجحان سے نہ صرف سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح ہو رہا ہے بلکہ ملک میں بے روزگاری اور صنعتی زوال مزید بڑھنے کا خدشہ ہے
