کراچی :ملکی تاریخ میں سونے کی قیمت نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ صرف ایک دن میں فی تولہ سونا 14 ہزار 100 روپےمہنگا ہو گیا، جس کے بعد سونا 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے فی تولہ کی تاریخی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا۔
دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 12 ہزار 89 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس سے نئے نرخ 3 لاکھ 91 ہزار 718 روپے فی دس گرام مقرر ہوئے۔ یہ اضافہ نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی عکاسی کرتا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس قیمت 141 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 358 ڈالرتک جا پہنچی جو اب تک کی عالمی بلند ترین سطح ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق، رواں سال کے دوران سونے کی قیمتوں میں 57 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان کے مطابق، مرکزی بینکوں کی جانب سے بڑی خریداری، گولڈ ایکسچینج فنڈز (Gold ETFs) کی مانگ میں اضافہ، ڈالر کی کمزوری، اورعالمی تجارتی و جغرافیائی کشیدگی سونا مہنگا ہونے کی بڑی وجوہات ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے سرمایہ کار موجودہ غیر یقینی حالات میں اپنے سرمائے کو محفوظ رکھنے کے لیے سونا خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان میں مہنگائی کی موجودہ لہر کے باعث سونا عام آدمی کی قوتِ خرید سے مکمل طور پر باہر ہو چکا ہے، جس کے باعث زیورات کی خریداری تقریباً رک گئی ہے۔
