لاہور:حکومت نے عوام کو سستا گوشت فراہم کرنے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارتِ پیداوار کے ذرائع کے مطابق، ملک میں گوشت اور پولٹری کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مٹن، بیف، انڈے اور چکن کی برآمد پر عارضی پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلابوں کے باعث زراعت اور لائیو اسٹاک سیکٹر شدید متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں گوشت اور مرغی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ حکومت کا ماننا ہے کہ برآمدات پر وقتی پابندی سے مقامی منڈی میں سپلائی بہتر ہوگی اور قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔
وزارت کے مطابق، بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو اور مٹن کی 1600 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں یہ نرخ عملاً لاگو نہیں ہو رہے۔ موجودہ صورتحال میں مٹن 2500 سے 3000 روپے فی کلو اور بیف 1200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گوشت کی قیمتوں میں بےقابو اضافے کا براہِ راست اثر چکن کی منڈی پر بھی پڑ رہا ہے، جس سے عام صارف شدید متاثر ہو رہا ہے۔ وزارتِ پیداوار نے قیمتوں میں استحکام کے لیے صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ کو مارکیٹ کنٹرول اور نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق، اگر ایکسپورٹ پر عارضی پابندی نافذ کر دی گئی تو چند ہفتوں میں گوشت اور مرغی کے نرخوں میں 15 سے 20 فیصد کمی کا امکان ہے، جو عام شہریوں کے لیے ریلیف ثابت ہو سکتا ہے۔
