سان فرانسسکو:دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس اور ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون نے اخراجات میں کمی اور مصنوعی ذہانت (AI) پر تیزی سے بڑھتی سرمایہ کاری کے پیش نظر 30,000 دفتری ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام کمپنی کے اندر بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل خودکار نظام کے نفاذ اور کارکردگی میں بہتری کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایمیزون کی جانب سے کی جانے والی یہ کٹوتی دفتری عملے کا تقریباً 10 فیصد ہے، تاہم کمپنی کے 1.5 ملین سے زائد گودام اور تقسیم کے عملے پر اس فیصلے کا اثر نہیں پڑے گا۔
یہ اقدام منگل سے شروع ہونے والے مرحلہ وار عمل کے تحت نافذ کیا جائے گا۔
سیئٹل میں قائم ایمیزون نے تاحال اس فیصلے پر رسمی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، مگر وال اسٹریٹ جرنل اور نیویارک ٹائمز کے مطابق کمپنی کے اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ اخراجات میں کمی اور مصنوعی ذہانت پر سرمایہ کاری کے متوازن امتزاج کو برقرار رکھنے کے لیےکیا گیا ہے۔
ایمیزون کے چیف ایگزیکٹو اینڈی جیسی نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے کمپنی کے کام کرنے کے انداز میں بنیادی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔
ان کے مطابق،اےآئی صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے، کاروباری لاگت کم کرنے اور فیصلے کرنے کے عمل کو مؤثر بنانے میں انقلاب برپا کر رہی ہے۔
ماہرین کےمطابق ایمیزون کی نئی سمت ظاہر کرتی ہےکہ کمپنی مستقبل میں ڈیجیٹل خودکاری،مشین لرننگ،اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ پرزیادہ انحصارکرےگی،جس سے انسانی وسائل کی ضرورت بتدریج کم ہوتی جائے گی۔
ایمیزون کا کلاؤڈ کمپیوٹنگ یونٹ AWS (ایمیزون ویب سروسز) کمپنی کے منافع کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، مگر حالیہ بندشوں نے اس کی ساکھ کو متاثر کیا۔
گزشتہ ہفتے AWS کی تکنیکی خرابی کے باعث پرائم ویڈیو، ڈزنی+، پرپلیکسٹی اے آئی، فورٹ نائٹ، سنیپ چیٹ، ایئر بی این بی اور حتیٰ کہ بعض بینکوں کی آن لائن سروسز بھی کئی گھنٹے متاثر رہیں۔
ایمیزون نے وضاحت کی کہ بندش کی وجہ ڈومین نیم سسٹم (DNS) سے متعلق تکنیکی خرابی تھی، جس نے عالمی سطح پر لاکھوں صارفین کو متاثر کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس واقعے نے واضح کر دیا ہے کہ دنیا بھر کا ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کس قدر ایمیزون پر انحصار کرتا ہے۔
دلچسپ طور پر، ملازمتوں میں بڑی کٹوتی کی خبر کے باوجود ایمیزون کے حصص کی قدر میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں نے اس فیصلے کو مالی نظم و ضبط اور طویل المدتی منافع کے تحفظ کے طور پر دیکھا ہے۔
ای مارکیٹر کی تجزیہ کار سکائی کیناویس کے مطابق، AWS کو اپنی اے آئی سرمایہ کاری کے مثبت نتائج جلد دکھانا ہوں گے، ورنہ مارکیٹ کا دباؤ مزید بڑھے گا۔
ایمیزون آئندہ جمعرات کو اپنی سہ ماہی آمدنی رپورٹ کرے گا جس سے یہ طے ہوگا کہ مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں کمپنی کی حکمتِ عملی کتنی کامیاب ثابت ہوئی ہے۔
