حب: پاکستان اور امریکہ کے درمیان حالیہ تجارتی معاہدے کے بعد ایک تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے امریکی خام تیل سے لدا ہوا ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا بحری جہاز حب کے ساحل پر پہنچ گیا۔
ریفائنری حکام کے مطابق یہ بحری جہاز سنرجیکو (Cnergyico) کے آئل ٹرمینل پر لنگر انداز ہوا، جس میں 10 لاکھ بیرل امریکی خام تیل موجود ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک لاکھ پینتیس ہزار ٹن وزنی یہ جہاز اب تک پاکستان آنے والا سب سے بڑا تیل بردار بحری جہاز ہے، جس کی آمد پاکستان کے توانائی شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ بحری جہاز 14 ستمبر کو امریکی شہر ہیوسٹن سے روانہ ہوا تھا اور طویل سمندری سفر کے بعد حب کے ساحل تک پہنچا۔ یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے بلکہ توانائی کے شعبے میں شراکت داری کے ایک مضبوط دور کی نشاندہی بھی کرتی ہے۔
ریفائنری حکام نے مزید بتایا کہ آئندہ ماہ ایک اور امریکی خام تیل بردار جہاز بھی پاکستان پہنچنے والا ہے، جس سے مستقبل میں تیل کی درآمد میں تسلسل اور استحکام متوقع ہے۔ توانائی ماہرین کے مطابق امریکی خام تیل کی براہِ راست درآمد پاکستان کی ریفائننگ انڈسٹری کے لیے ایک اسٹریٹجک تبدیلی ہے جو نہ صرف سپلائی چین کو متنوع بنائے گی بلکہ عالمی منڈیوں سے بہتر نرخوں پر ایندھن کے حصول کو بھی یقینی بنائے گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اپنی انرجی سیکورٹی پالیسی کے تحت درآمدی ذرائع میں تنوع پیدا کر رہا ہے، اور امریکہ کے ساتھ یہ نیا باب دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی وسعت دینے کا باعث بن سکتا ہے۔
