دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت جون کے بعد پہلی بار ایک لاکھ ڈالر سے نیچے آ گئی ہے۔ کرپٹو مارکیٹ میں گزشتہ روز 6.7 فیصد کی کمی کے بعد بٹ کوائن کی قیمت 99,936 ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ 4 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔
گزشتہ ماہ بٹ کوائن کی قیمت ایک لاکھ 26 ہزار ڈالر تک پہنچ چکی تھی، لیکن اب تک مارکیٹ میں تقریباً 20 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں کی قدر میں بھی مندی دیکھی گئی ہے، جس میں ایتھیریم کی قیمت میں 10 فیصد اور ایکس آر پی (XRP) میں 6 فیصد کمی شامل ہے۔
کرپٹو کرنسیوں میں اس کمی کا اثر عالمی مالیاتی مارکیٹس پر بھی محسوس کیا گیا۔ امریکی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان غالب رہا، ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 1.2 فیصد جبکہ نیسڈیک میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن کی قدر میں کمی کے ساتھ سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں، جس کی بڑی وجہ گلوبل اقتصادی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاری میں احتیاط ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باعث ڈیجیٹل کرنسیوں میں مسلسل سیل آف دیکھی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان وقتی ہو سکتا ہے، لیکن کرپٹو مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اب بھی شدید اور غیر متوقع ہے۔
