دبئی: دبئی کی معروف ایئرلائن امارات نے ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے بوئنگ کے ساتھ 38 ارب ڈالر کا نیا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت 65 اضافی بوئنگ 777ایکس طیارے خریدے جائیں گے۔ اس نئے آرڈر کے بعد امارات اور بوئنگ کے درمیان مجموعی آرڈر بک 315 وائیڈ باڈی طیاروں تک پہنچ گئی ہے، جس میں 270 بوئنگ 777ایکس، 10 بوئنگ 777 فریٹرز اور 35 بوئنگ 787 شامل ہیں۔
معاہدے کے تحت جی ای ایرو اسپیس سے مزید 130 GE9ایکس انجن بھی خریدے جائیں گے، جس کے بعد امارات کے بیڑے میں انجنوں کی تعداد 540 ہو جائے گی۔ یہ سرمایہ کاری نہ صرف امارات کی توسیعی حکمت عملی کا حصہ ہے بلکہ امریکی ایرو اسپیس انڈسٹری میں ہزاروں اعلیٰ مہارت رکھنے والے ملازمین کے لیے طویل مدتی روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گی۔
امارات گروپ کے چیئرمین و سی ای او شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ امارات پہلے ہی دنیا کی سب سے بڑی بوئنگ 777 آپریٹر ہے اور یہ اضافی آرڈر شراکت داری کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر نیا طیارہ دبئی کے ترقیاتی منصوبوں کے مطابق ایئرلائن کی توسیعی حکمت عملی کا حصہ ہے، اور امارات کو اپنے پہلے 777-9 طیاروں کی ڈیلیوری 2027 کی دوسری سہ ماہی میں ملنا شروع ہوگی۔
شیخ احمد نے کہا کہ ایئرلائن بڑی گنجائش والے اور زیادہ مؤثر طیاروں کی حامی ہے اور وہ بوئنگ 777-10 منصوبے کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ بوئنگ کمرشل ایئرپلینز کی سی ای او اسٹیفنی پوپ نے کہا کہ امارات کا دوبارہ اعتماد کرنا کمپنی کے لیے باعثِ فخر ہے، جبکہ جی ای ایرو اسپیس نے بھی نئے انجن آرڈر کو دہائیوں پر مبنی مضبوط شراکت داری کی توثیق قرار دیا۔
امارات گزشتہ 40 برسوں سے بوئنگ 777 کے تمام ماڈل چلا رہی ہے اور آج بھی دنیا کے سب سے بڑے 777 بیڑے کی مالک ہے، جو 140 شہروں کو خدمات فراہم کرتا ہے۔ نئے آرڈر کے بعد بوئنگ کی امارات کو ڈیلیوریز 2038 تک جاری رہیں گی، جس سے یہ تعلقات اور بھی مضبوط ہوں گے اور ایئرلائن کے عالمی اثر و رسوخ میں اضافہ ہوگا۔
