پاکستان میں بحری شعبے نے ایک تاریخی پیش رفت دیکھی ہے، جب وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اعلان کیا کہ ملک میں بنکرنگ کے لیے پہلا لائسنس جاری کر دیا گیا ہے اور کراچی پورٹ پر عالمی معیار کی پہلی بنکرنگ سروس باقاعدہ شروع ہو گئی ہے۔ وزیر کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا تاکہ پاکستان کے بحری شعبے کو جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا جا سکے اور خطے میں مسابقت بڑھائی جا سکے۔
محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ متعدد بین الاقوامی کمپنیاں بھی لائسنسنگ میں دلچسپی ظاہر کر چکی ہیں، جو پاکستان کے لیے معاشی مواقع اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھول سکتی ہیں۔ اس جدید بنکرنگ سروس کے آغاز سے جہازوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ، شفاف اور جدید فیول سپلائی نظام دستیاب ہوگا، جس سے کراچی پورٹ کی علاقائی اور عالمی مسابقت میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ منظم اور عالمی معیار کی بنکرنگ سروسز غیر ملکی شپنگ لائنز کی آمد میں اضافہ کریں گی، جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا اور پورٹس کی سالانہ آمدنی اربوں روپے تک بڑھنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ میں عالمی حفاظتی اور آپریشنل اسٹینڈرڈز نافذ کیے جا چکے ہیں اور ایندھن کے معیار، دستاویزات اور شفافیت پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔
اس نئی بنکرنگ سروس سے نہ صرف شپنگ اور میری ٹائم آپریشنز بہتر ہوں گے بلکہ مرمت، سپلائیز، ٹیکنیکل سروسز اور لاجسٹکس کے شعبوں میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وزیر بحری امور نے زور دیا کہ اس اقدام سے پاکستان کی بین الاقوامی شبیہ اور بحری معیشت کو فروغ حاصل ہوگا اور کراچی پورٹ خطے میں ایک مضبوط عالمی مرکز کے طور پر ابھرے گا۔
