اسلام آباد: یکم جنوری 2026 سے صارفین کو پیٹرول پمپوں پر بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ حکام نے بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں شدید کمی کے باعث اگلے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10.60 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8.59 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 8.92 روپے فی لیٹر کمی اور لائٹ ڈیزل آئل میں 6.62 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
اگر اس تجویز کی منظوری مل جاتی ہے تو پیٹرول کی قیمت موجودہ 263.45 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر تقریباً 252.85 روپے فی لیٹر ہو جائے گی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 265.65 روپے سے گر کر 257.06 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ مٹی کے تیل کی قیمت 180.54 روپے کے مقابلے میں 171.62 روپے فی لیٹر تک آنے کا امکان ہے، جس سے نہ صرف شہریوں بلکہ ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبوں کو بھی کافی ریلیف ملے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات فوری طور پر مقامی سطح پر صارفین کو فائدہ پہنچائیں گے اور آنے والے مہینوں میں پاکستان کی معیشت میں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کمی کی یہ تجویز عوام کو روزمرہ کے اخراجات میں نمایاں ریلیف فراہم کرنے کا ایک اہم اقدام ہے۔
