وینزویلا میں جاری شدید سیاسی بحران اور حالیہ صورتحال کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.63 فیصد کمی دیکھی گئی، جس کے بعد برینٹ خام تیل 60.37 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی 0.70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 56.92 ڈالر فی بیرل تک گر گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں یہ کمی عالمی سرمایہ کاروں کے خدشات اور خطے میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے یقینی کا نتیجہ ہے۔
دوسری جانب وینزویلا پر دو روز قبل امریکی فوجی کارروائی کے بعد صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے طیارے کے ذریعے نیویارک منتقل کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صدر نکولس مادورو کو آج نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان کے خلاف منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وینزویلا جیسے اہم تیل پیدا کرنے والے ملک میں سیاسی عدم استحکام اور امریکی کارروائی نے عالمی توانائی منڈیوں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ اسی وجہ سے سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر رہے ہیں، جس کے باعث تیل سمیت دیگر توانائی اشیاء کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر وینزویلا کی صورتحال میں مزید کشیدگی پیدا ہوئی تو عالمی تیل منڈی پر اس کے اثرات مزید گہرے ہو سکتے ہیں، جبکہ مستقبل میں قیمتوں کا انحصار سیاسی حالات اور عالمی ردعمل پر ہوگا۔
