کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا شاندار سلسلہ برقرار ہے جہاں سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد، مثبت معاشی اشاروں اور مارکیٹ میں بھرپور خریداری کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ پیر کے روز انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 82 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ کے آغاز سے ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ بینکنگ، توانائی، سیمنٹ اور دیگر اہم شعبوں میں بھرپور خریداری کے باعث انڈیکس دن کے دوران ایک موقع پر ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس 3371 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ 182,438 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا رہا۔
نئے سال کے تیسرے ہی کاروباری دن اسٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا اور اب تک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 8 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور معاشی استحکام کی عکاس ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 10 دسمبر 2025 کو کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی مرتبہ ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچا تھا، جس کے بعد مارکیٹ میں تیزی کا رجحان مسلسل مضبوط ہوتا چلا گیا اور نئے ریکارڈز قائم ہوتے رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں شاندار تیزی دیکھی گئی تھی، جب کے ایس ای 100 انڈیکس 2600 پوائنٹس سے زائد اضافے کے بعد 179,034 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس نے موجودہ ریکارڈ بلندی کی بنیاد فراہم کی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں یہ تیزی مثبت معاشی توقعات، پالیسی استحکام، شرح سود سے متعلق خدشات میں کمی اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا نتیجہ ہے، تاہم وہ سرمایہ کاروں کو محتاط اور طویل المدتی حکمت عملی کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے کا مشورہ بھی دے رہے ہیں۔
