وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کر دیا، جس کے باعث عوام ممکنہ ریلیف سے محروم ہو گئے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 4 روپے 65 پیسے اضافہ کرتے ہوئے اسے 79 روپے 62 پیسے سے بڑھا کر 84 روپے 27 پیسے فی لیٹر کر دیا ہے۔
اسی طرح ڈیزل پر فی لیٹر لیوی میں 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 75 روپے 41 پیسے سے بڑھا کر 76 روپے 21 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی برقرار رکھی جاتی تو پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے چار روپے فی لیٹر تک کمی ممکن تھی، تاہم حکومت نے لیوی بڑھا کر اس ریلیف کو روک دیا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 31 جنوری تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 257 روپے 8 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
معاشی ماہرین کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں اضافے کا براہِ راست اثر مہنگائی، ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے، جس سے عام آدمی پر بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
