وفاقی حکومت نے سندھ خصوصاً کراچی کے لیے اہم تعلیمی اور معاشی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے صوبے میں ترقی کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر کراچی میں ایک بڑا اکنامک زون قائم کیا جائے گا جبکہ دو جدید دانش اسکول بھی بنائے جائیں گے، جن میں ایک ٹنڈو محمد خان اور دوسرا گڈاپ، ضلع ملیر کراچی میں قائم ہوگا۔ اس پیش رفت کو سندھ کے عوام، خصوصاً کراچی کے تاجروں کے لیے ایک بڑے تحفے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
ترجمان حکومت پاکستان برائے سندھ بیرسٹر راجہ خلیق الزماں انصاری نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں تعلیمی اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے اہم اور دور رس منصوبے شروع کر رہی ہے۔ ان کے مطابق دانش اسکول جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گے اور بالخصوص پسماندہ اور کم وسائل رکھنے والے علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کے قیام سے باصلاحیت مگر محروم طلبہ کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر آئیں گے اور نوجوان نسل کا مستقبل روشن ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کے ضلع ملیر میں قائم کیا جانے والا اکنامک زون صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس زون سے نہ صرف نئی صنعتوں کے قیام کی راہ ہموار ہوگی بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے مقامی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ سرمایہ کاری میں اضافے اور برآمدات کے فروغ کے امکانات بھی اس منصوبے سے وابستہ ہیں، جو کراچی کو ایک بار پھر صنعتی مرکز کے طور پر فعال بنانے میں معاون ہو سکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت سندھ کی ترقی، نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور معاشی خود کفالت کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صنعت کے یہ منصوبے نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تفریق کے بغیر تمام علاقوں کو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف اور خوشحالی فراہم کی جا سکے۔
